وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بہتر شاہراہوں کی فراہمی اور ترقی عوام کا بنیادی حق ہے، کراچی، کوئٹہ، چمن این 25 شاہراہ دو سال میں مکمل کریں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے سابق چیئرمین سینٹ اور ایم پی اے بلوچستان صادق سنجرانی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں نئی سڑکوں کی تعمیر، روڈ نیٹ ورک کی بہتری اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ کوئٹہ، چمن این 25 شاہراہ دو سال میں مکمل کریں گے، شاہراہ پاکستان کی تعمیر عالمی معیار کے مطابق عمل میں لائی جائے گی، بلوچستان کی ترقی ہماری اولین ترجیح، سڑکوں کا جال بچھائیں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے این ایچ اے کو دالبدین سے چاغی روڈ پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کردی، کہا این ایچ اے بلوچستان کے لئے خصوصی روڈ پیکج پر کام کر رہا ہے، بلوچستان میں روڈ نیٹ ورک افغانستان، ایران تجارت کے لئے اہم ہے۔
اس موقع پر سابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے اظہار تشکر کیا، کہا بلوچستان کےلئے این ایچ اے کے خصوصی اقدامات وہاں کے عوام کے لئے تحفہ ہوں گے۔






















