معاون خصوصی خیبرپختونخوا شفیع اللہ جان کے بیان پر سیاسی ماحول ایک بار پھر گرم ہوگیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عظمیٰ بخاری سے متعلق بیان کو غیر شائستہ اور قابل مذمت قرار دے دیا۔
عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شفیع اللہ جان کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی گھٹیا گفتگو پہلے بھی کی گئی اور اب بھی کی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اہم عہدے پر بیٹھے شخص کو اس قسم کی زبان زیب نہیں دیتی۔ان لوگوں سے کہوں گا زبان کو لگام دیں۔ بہن بیٹیوں کی عزت کرنا سیکھیں ورنہ ہمیں عزت کرانا بھی آتی ہے۔
دوسری جانب مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا زہریلا کلچر ہے جسے بانی نے وضع کیا اور معمول بنایا، یہ زہریلا کلچرخواتین کو غیرانسانی بناتا ہے، یہ کلچر بدسلوکی کو سیاسی طرز عمل کےطور پر دیکھتا ہے، یہ اس سرزمین کے پی میں ہورہا ہے جو خواتین کے احترام کیلئے مشہور ہے۔






















