ملک کے مختلف شہروں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
کراچی میں رات گئے موسم سرما کی پہلی بارش سےسردی بڑھ گئی۔ کلفٹن، صدر، آئی آئی چندریگرروڈ اورطارق روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ابر رحمت برسا۔ حیدرآباد سمیت اندرون سندھ بھی کئی شہروں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔
لاڑکانہ، سکھر، شکار پور، جیکب آباد، نوڈیرہ، خانپورمیں بھی بارش ہوئی، لکھی غلام شاہ، گڑھی یاسین میں بھی بادل برسے جس کے باعث خنکی میں نمایاں اضافہ ہوگیا، حیدر اباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت کم ہونےکےبعد موٹرویز کو ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا۔ ملتان میں صبح میں بوندا باندی سے موسم سہانا ہوگیا۔ لاہور میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا، آج ہلکی بارش کا امکان ہے۔
سوات کے میدانی علاقوں میں آج دوسرے روز بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، شہری علاقوں میں بھی رم جھم سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ انتظامیہ نے بھی برفباری کے دوران ہائی الرٹ کردیا ہے۔
کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ بارش اور برفباری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، مستونگ، قلات، پشین، قلعہ سیف اللہ، پنجگور اور چمن سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ توبہ کاکڑی،زیارت اور ژوب میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ پہاڑی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، گریس،کیل اڑنگ کیل، شونٹھر سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ رات ہلکی برفباری ہوتی رہی، مظفرآباد شہر میں دوسرے روز بھی بادل چھائے ہوئے ہیں لیکن بارش نہ برسی۔






















