پاکستان نے سوڈان کے شہر کادوگلی میں اقوام متحدہ کے امن دستوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داران کو سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔
حملے میں بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کے چھ امن فوجی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ پاکستان نے بنگلا دیش کی حکومت اور عوام سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے امن کار عالمی امن، شہریوں کے تحفظ اور تنازعات کے خاتمے میں صف اوّل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان ان بلیو ہیلمٹس کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
پاکستان نے حملے کی فوری، شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن کاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سلامتی کونسل اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔





















