ننگرپارکر کے قریب نایاب نسل کے ہرنوں کے غیرقانونی شکار کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق نواحی گاؤں مامچیرو کے قریب جنگل میں فائرنگ کے ذریعے تین چنکارا نسل کے ہرنوں کا شکار کیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ملزمان ہرنوں کو گاڑی میں ڈال کر فرار ہوگئے، جبکہ گاڑی کا نمبر اور واقعے کی اطلاع فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف حکام کو دے دی گئی ہے۔
اسسٹنٹ کنزرویٹر وائلڈ لائف اشفاق میمن کے مطابق واقعے کی اطلاع موصول ہونے پر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور خارجی راستوں کی چیک پوسٹس پر بھی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






















