کسٹمز ایئرپورٹ کارگو کنٹرول یونٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جرمنی سے آنے والے پارسل میں چھپائی گئی نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کراچی انٹرنیشنل میل آفس میں کی گئی، جہاں جرمنی سے بک کرائے گئے ایک پارسل کو کپڑے، جرابیں اور میوزک باکسز پر مشتمل ظاہر کیا گیا تھا۔ مشکوک سامان کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران 9 ہزار 455 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں جن کی مالیت 29 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات اور کارروائیاں جاری ہیں۔






















