پاک فوج کے زیر اہتمام عراقی فوج کی اسپیشل فورسز کی تربیت مکمل ہوگیا۔ ٹریننگ مکمل کرنے والے ٹرینیز کے تیسرے بیچ کی گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خصوصی تربیتی پروگرام نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر میں 24 ستمبر سے انتیس نومبر تک جاری رہا ۔ 446 عراقی ٹرینیز کے تیسرے بیچ کی گریجویشن تقریب میں پاکستان آرمی کے سینیئر افسران اور عراق کے فوجی نمائندوں نے شرکت کی۔
تربیت کے دوران دونوں ممالک کے فوجیوں نے غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل قابلیت اور لگن کا مظاہرہ کیا۔ تربیت انسدادِ دہشت گردی صلاحیتوں میں اضافہ، حکمتِ عملی کی مشقیں اور مشترکہ مشن کی منصوبہ بندی پر مبنی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تربیت کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے۔ اس سے پاکستان اور عراق کے دیرینہ دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاعی تیاریوں کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔






















