سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا اور اس کے نتیجے میں موسلا دھار بارشوں نے شدید تباہی مچادی ۔ کولمبو بندرگاہ پر بین الاقوامی فلیٹ ریویو 2025 میں شریک پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف فوری طور پر انسانیت پر مبنی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہوگیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس سیف کے ذریعے سری لنکن حکام کو متاثرہ افراد کے لیے پاکستان کی جانب سے انسانی امدادی سامان فراہم کیا گیا۔ امدادی پیکج میں بنیادی خوراک، خشک راشن، تیار کھانے، ابتدائی طبی امداد کی کٹس، ہنگامی ادویات اور دیگر ضروری سامان شامل ہے۔
پاک بحریہ کی جانب سے زمینی صورتحال اور ضرورتوں کے مطابق امدادی تعاون مزید بڑھایا جا سکتا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بروقت مدد پاکستان اور سری لنکا کے دیرینہ تعلقات اور مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کی مضبوط مثال ہے۔






















