وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سہہ ملکی سیریز کا کامیاب انعقاد ہماری بہت بڑی کامیابی ہے، سری لنکا اور زمبابوے کے کھلاڑیوں نے پوری پاکستانی قوم کے دل جیت لیے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے سری لنکا کے خلاف سہہ ملکی سیریز کا فائنل جیتنے پر قوم کو مبارکباد پیش کی، کہا پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے تمام کھلاڑیوں نے اس پوری سیریز کے دوران بہترین پرفارمینس دی، فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سہہ ملکی سیریز کامیابی سے منعقد کرنے پر چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اور انتظامیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 115 رنز کا ہدف دیا، جو پاکستان نے 8 گیندوں پہلے حاصل کرلیا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اور سری لنکن ہائی کمشنر فریڈ سری ویر اتنے نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔ محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
فائنل میچ سے پہلےدونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ سری لنکا میں طوفانی بارشوں سے جانی نقصان پر یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر فریڈ سری ویر اتنے اور ڈپٹی ہائی کمشنر بھی اسٹیڈیم میں موجود رہے۔






















