انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان اور سلمان اکرم راجا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور شوکت خانم کینسر اسپتال کے اکاؤنٹس ڈی فریز کرنے کی درخواستیں وکلا کی عدم موجودگی کے باعث سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
علیمہ خان اور سلمان اکرم راجا نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے حوالے سے مشاورت کیلئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
شوکت خانم کینسر اسپتال کے منجمد بنک اکاؤنٹس کی بحالی کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی لیکن پی ٹی آئی کا کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔ جیل انتظامیہ نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی وکیل عدالت پیش نہیں ہوا لیکن سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جاتا ہے اگر عدالت پیش نہیں ہونا تو درخواستیں کیوں دی جاتی ہیں۔ عدالت نے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی ۔ دوسری جانب احتجاج کے سات مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 6 دسمبر کو ہوگی۔






















