پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اہم سفارتی کامیابی حاصل کر لی۔ کیمیائی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے سب سے بڑے عالمی ادارے کی ایگزیکٹو کونسل میں پاکستان کو دوبارہ منتخب کر لیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے یہ کامیابی پاکستان کے مؤثر کردار اور عالمی برادری کے اعتماد کا واضح اعتراف ہے۔
دی ہیگ میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو 2028 تک کیلئے ایگزیکٹو کونسل کا رکن منتخب کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کیمیکل ویپنز کنونشن کو ایک سو ترانوے ممالک کی تائید حاصل ہے جو اسے دنیا کا سب سے کامیاب تخفیف اسلحہ معاہدہ بناتا ہے۔
ایگزیکٹو کونسل 41 رکنی پالیسی ساز باڈی ہے جو کنونشن پر عملدرآمد کی نگرانی کرتی ہے اور رکن ممالک میں کیمیا کے پرامن استعمال کو فروغ دیتی ہے۔ پاکستان انیس سو ستانوے میں کنونشن کی توثیق کے بعد سے ادارے کا فعال رکن ہے اور باقاعدہ طور پر انسپکشنز کی میزبانی کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دوبارہ انتخاب اس کے تعمیری کردار اور سفارتی وقار کی عالمی سطح پر مضبوط گواہی ہے۔






















