سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 7 خارجی ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 نومبر کو خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 خوارج مارے گئے۔ لکی مروت میں دوسری کارروائی میں 2دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ضلع ٹانک میں تیسرے مقابلے میں فورسز نے ایک خارجی کو ٹھکانے لگا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کی تلاش کے لیے سینیٹائزیشن جاری ہے۔ امن دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام" کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی مٹانے کے لیے پرعزم ہیں۔






















