گیس لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام کےلیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، سندھ کے علاقے سجاول میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) ترجمان کے مطابق سندھ کے ڈسٹرکٹ سجاول میں جھم ایسٹ ون کے مقام پر شاہ بندر سے گیس کے ذخائر ملے ہیں، جھم ایسٹ ون کے مقام پر 2 ہزار 545 میٹر کی گہرائی تک کھدائی کرنے پر ہائیڈرو کاربن کی نشاندہی ہوئی۔
پی پی ایل کے مطابق ٹیسٹنگ سے 13۔69 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ اور 236 بیرل یومیہ کے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر کی نشاندہی ہوئی، کنویں کی مزید جانچ پڑتال کی جارہی ہے جس کے لیے ماہرین کے زیر نگرانی ڈرلنگ کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق نئے ذخائر کے دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، موجودہ توانائی کے بحران میں آئل اینڈ گیس سیکٹر کے فرق کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔