وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان معاشی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ دونوں ممالک اس حوالے سے بھرپور کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک کی گہری دلچسپی ظاہر کی۔
شہباز شریف نے گفتگو میں پاکستان ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا۔ کہا حکومت کاروبار کے لیے آسان اور دوستانہ ماحول بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر گوبی پارٹنرز کا اعتماد قابل تحسین ہے۔ حکومت اصلاحات کے ذریعے اسٹارٹ اپس اور ابتدائی مرحلے کے سرمایہ کاروں کو بہتر سہولت اور بنیادی ڈھانچے تک رسائی فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے۔





















