پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی اور غربت سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی معاشی مشکلات کو سمجھتے ہیں، آپ سے ہمیشہ مشاورت کی ہے اور اب بھی مشاورت سے ہی آگے بڑھیں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری بنائی پالیسیوں سے پاکستان کی کاروباری برادری نے بھرپور عمل کیا، ہماری بنائی پالیسیوں کو بھارت نے اپنایا اور معاشی ترقی حاصل کی، عوام کو مہنگائی اور غربت سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے اگر لوگ ترقی مانگتے ہیں، تعلیم اور صحت مانگتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2017 کے دوران پاکستان دنیا کی 24 ویں معیشت بن چکا تھا، ہم نے چار سال ڈالر کو 104 پر باندھ کر رکھا ، ہمارے دور کی ترقی اور پالیسی جاری رہتی تو ڈالر آج 40 یا 50 روپے کا ہوتا، اسحاق ڈار کو کہہ دیا حکومت ملی تو ڈالر 150 کا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1998 میں ایٹمی دھماکے کئے تھے تو اسلامی ممالک پاکستان کو اپنا رکھوالا سمجھنے لگے تھے لیکن آج یہ حالت ہو گئی ہے کہ ایک ایک ارب ڈالر کے لئے محتاج ہو گئے ہیں ، یہ کلہاڑی ہم نے خود اپنے پیروں پر ماری ہے ، یہ برے حالات ہمارے اپنے فیصلوں کی وجہ سے پیدا ہوئے ، ہمارے دور میں سوا 6 فیصد پالیسی ریٹ تھا، آج 22 فیصد پر ہے،22 فیصد پالیسی ریٹ سے کون کاروبار کر سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے خود اپنی پارلیمنٹ اور وزراء اعظم کے ساتھ زیادتیاں کیں، پھر ملک کس کے حوالے کر دیا گیا ، روپیہ، معیشت اور سب نظام تباہی کا شکار ہوگیا ، ہمارے دور میں 1000 روپے جس کا بل آتا تھا، آج 15000 ہزار بل آ رہا ہے، پانچ پانچ گنا قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔