ملک میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تعاون سے مشرق ڈیجیٹل بینک قائم ہوگیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں دوسرے ڈیجیٹل بینک کا قیام خوش آئند ہے۔ آج کا دور ڈیجیٹلائزیشن کا دور ہے، ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے معیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا یہ ایک آغاز ہے اور ہم نے مزید آگے بڑھنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا معیشت کو مکمل ڈیجیٹل کرنے میں مشرق ڈیجیٹل بینک کا قیام سنگ میل ثابت ہوگا، متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کا خواہاں رہا ہے، بینک کا قیام کیش لیس کاروبار اور مالیاتی شعبے کی ترقی اور فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا، شفافیت کے لیے معیشت کو پیپر لیس بنانا اور اس میں انسانی عمل دخل کم کرنا ہو گا۔ بینک کے قیام سے مالیاتی شعبے میں عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے حوالے سے بڑی تبدیلی آئے گی۔
تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا حکومت ملک میں اقتصادی استحکام کے لیے کوشاں ہے، ترسیلات زر پاکستان کی لائف لائن ہیں، بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی کی تصدیق کی ، موجودہ حکومت انتظامی اصلاحات متعارف کروا رہی ہے، توانائی، بینکاری نظام اور ایس او ایز کے حوالے سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔





















