وزیراعظم شہبازشریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے روس کے ساتھ تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، بھارت اور روس کے تعلقات کا احترام کرتا ہے اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات پر کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان خطے کی ترقی کے لیے روس سے بہترین تعلقات چاہتا ہے۔
اس موقع پر صدر پیوٹن نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو اسلام آباد کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
روسی صدر نے وزیراعظم شہبازشریف کو دورہ روس کی دعوت بھی دی جس پر وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
پیوٹن نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی مشکلات کا کامیابی سے مقابلہ کرے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ روس سے تیل خریدنے سے پاکستان کے تجارتی حجم میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے اور ایم او یوز باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنائیں گے۔





















