پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کے حالیہ فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ان حملوں میں متعدد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش ہے اور پاکستان متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ وزیراعظم کی غزہ شہر کا غیرقانونی کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری کی شدیدمذمت
ترجمان نے اس حملے کو بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔
شفقت علی خان نے زور دیا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی کاز کے لیے اپنی دیرینہ حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی فلسطین سے متعلق قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔






















