نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس سے متعلق ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ گزشتہ روز اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک واشنگٹن میں ان سے بانی پی ٹی آئی کے کیس کے بارے میں سوال کیا گیا تھا جس کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ کا ذکر ہوا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کے ادوار میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ہمیشہ سفارتی اور عدالتی سطح پر معاونت کی گئی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا جب تک کہ ان کی رہائی کا معاملہ حل نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ہر ملک کے اپنے عدالتی اور قانونی طریقہ کار ہوتے ہیں جن کا احترام کیا جاتا ہے، لیکن ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے پاکستانی حکومت کا مؤقف واضح اور دوٹوک ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ چاہے پاکستان ہو یا امریکا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومت کی کوششیں جاری رہیں گی۔
انہوں نے اپنے بیان کی غلط تشریح پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغام ہمیشہ پاکستان کے مفادات اور ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے پرعزم رہا ہے۔






















