چینی قیادت نے پاک افواج کو جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی علامت اور لچک کی بنیاد قرار دیدیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیجنگ میں سینئر چینی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور چین کی اسٹریٹیجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے چین کے نائب صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں، سی پیک کے تحت ابھرتے علاقائی اور عالمی سیاسی منظر نامے، رابطہ کاری کے اقدامات پر بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاک چین مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط ردعمل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں ملکوں کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں ملکوں کی قیادت نے مساوات، کثیرالجہتی تعاون اور طویل مدتی علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، چینی قیادت نے پاک افواج کو جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی علامت اور لچک کی بنیاد قرار دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی فوجی قیادت سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں، مارشل عاصم منیر نے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین سے ملاقات کی، پی ایل اے کے پولیٹیکل کمشنر اور آرمی چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔






















