پاکستان نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے پر خودمختاری کے غیر قانونی دعوے کو مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیلی اقدام کو نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی بلکہ فلسطینیوں کے حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا ۔عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ بنائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کا مقبوضہ مغربی کنارے پر خودمختاری کا غیر قانونی دعویٰ قابل مذمت ہے۔ یہ فلسطینیوں کے بنیادی حقوق اور عالمی اصولوں کی مسلسل پامالی کا ثبوت ہے۔
ترجمان کے مطابق اشتعال انگیز اقدامات نہ صرف خطے میں قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ یہ غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کی منظم کوششیں ہیں۔
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے ایسے یکطرفہ اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں اور ان سے فلسطینی سرزمین کی تسلیم شدہ قانونی حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
ترجمان نے پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔






















