ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے جمعہ کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کی ملاقات کا ایجنڈا بہت وسیع ہے ۔ پاک بھارت امور اور ایران کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا ۔ پاکستان اور امریکا میں تجارتی معاہدے پر جامع بات چیت جاری ہے ۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت سمیت تمام ممالک کےساتھ مسائل سفارت کاری اور مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں ۔ بھارت سے کشیدگی میں کمی کے لئے اہم اور دوست ممالک کے معترف ہیں ۔ بھارت کے کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔ پاکستان کو اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے ۔
شفقت علی خان نے بتایا وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ افغانستان بہت اہمیت کا حامل تھا، نائب وزیراعظم کے اپریل میں دورہ کابل کے بعد تعلقات میں نمایاں بہتری آئی۔ افغان حکام پاکستان کی تشویش پر مناسب جواب دے رہے ہیں ۔ افغان عبوری وزیر خارجہ کے دورے کی حتمی تاریخ پر کام ہو رہا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے، اس مسعلے کے حل کے لئے سفارتی کوششوں کے حامی ہیں ۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کی حتمی تاریخ طے کی جا رہی ہے ۔ گیس پائپ لائن بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔






















