نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 50 پیسے فی یونٹ جبکہ کراچی کے کے الیکٹرک صارفین کے لیے 4 روپے 3 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
نیپرا کے مطابق یہ کمی ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں کی گئی ہے اور اس کا اطلاق جولائی کے بجلی کے بلوں پر ہوگا۔
کراچی کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی اپریل کیلئے کی گئی جبکہ ملک کے دیگر صارفین کیلئے قیمت میں کمی مئی کے ماہ کیلئے کی گئی ہے۔
کے الیکٹرک نے نیپرا سے ایف سی اے کی مد میں 4 روپے 60 پیسے کمی کی درخواست کی تھی جبکہ نیپرا نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔






















