وزیراعظم نے بجٹ کی منظوری کے بعد ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات میں معیشت، قومی سلامتی، سفارتی کامیابیوں اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
بجٹ کی منظوری پر وزیراعظم نے معاشی ٹیم اور اتحادیوں جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ اور کابینہ اراکین کے اعزاز میں ناشتہ دیا۔ گفتگو میں کہا کہ عوام دوست بجٹ بنانے کیلئے معاشی ٹیم نے شب و روز محنت کی۔انہوں نے اتحادی جماعتوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کی مشاورت سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتا بجٹ تشکیل دیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بجٹ کی منظوری میں اتحادی جماعتوں کا کردار قابل تحسین ہے اور اب سب کو مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے محنت کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ یہی اتحاد پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔
بھارت کی حالیہ بلاجواز جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ہمیں شاندار فتح سے ہمکنار کیا۔ افواج پاکستان، سیاسی قیادت، سول سوسائٹی اور میڈیا نے مل کر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔پاکستان کی فتح سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد نے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا۔ وفد نے بھارت کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا اور بین الاقوامی سطح پر اسے پذیرائی ملی۔وزیر اعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے وفد کا شاندار استقبال کیا اور سفارتی و عسکری کامیابی پر افواج اور حکومت کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان نے ایران سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ جنگ کے دوران وہ مسلسل ایرانی قیادت سے رابطے میں رہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایران تنازعے کے پرامن حل سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ پاکستان خطے میں امن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔






















