خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 11 خوارج جہنم واصل جبکہ اس دوران دو جوان وطن پر قربان ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس کے دوران سراروغہ میں بھارتی حمایت یافتہ 11 خوارج ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران چکوال کے 37 سالہ میجر سید معیز عباس شاہ اور بنوں کے 27 سالہ لانس نائیک جبران اللہ شہید ہوگئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ میجر معیز شہید خوارج کیخلاف متعدد آپریشنز میں اپنی جراتمندانہ کارروائیوں کیلئے مشہور تھے اور انہوں نے 14 سال دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا جبکہ انکے سوگواران میں اہلیہ اور 2 بیٹے شامل ہیں۔
لانس نائیک جبران اللہ شہید نے 8 سال تک وطن عزیر کے دفاع کے فرائض سر انجام دئیے اور انکے سوگواران میں اہلیہ اور 3 بیٹے شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔






















