وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے رابطے کے دوران ایران پر امریکی حملوں کی مذمت کی ہے۔
اتوار کو وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے دوران انہوں نے ایران پر امریکی حملوں کی مذمت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایران پر اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
شہباز شریف نے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ غیرمتزلزل یجکہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے آئی اے ای اے کے تحفظ کے تحت آنے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور امریکی حملے آئی اے ای اے اور دیگرعالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
شہباز شریف نے کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ فوری مذاکرات اور سفارتکاری ہے۔
انہوں نے کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کا تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ایرانی صدر پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور ایرانی عوام اور حکومت سے اظہار یکجتہی پر پاکستانی عوام، حکومت اور عسکری قیادت سے اظہار تشکر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس موجودہ صورتحال میں اتحاد امت قائم رکھنے اور قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔






















