خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسزکی 2 مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے پشاور میں آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کا گھیراؤ کرلیا، فائرنگ کے تبادلے میں4 بھارتی حمایت یافیہ خوارج ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں خارجی حارث، خارجی بصیر بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں کی گئی، جس میں ایک دہشت گرد انجام کو پہنچ گیا۔
بیان کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، ہلاک خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدرمملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کو معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی انتہائی سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا مکمل صفایا کریں گے۔






















