سعودی عرب میں تبوک سے جدہ جانیوالی السعودیہ کی پرواز کے دوران ایک بنگلہ دیشی خاتون نے بچی کو جنم دیا۔
عرب میڈیا العربیہ اور اخبار 24 کے مطابق بنگلہ دیشی خاتون نے دوران پرواز طیارے کے عملے سے طبی مدد کی درخواست کی، پرواز میں 2 فٹبال ٹیمیں اور ان کے ہمراہ 2 ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق طیارے کے عملے نے مسافر ڈاکٹروں کی مدد سے فوری طور پر ہنگامی انتظامات کئے، بنگلہ دیشی خاتون نے نارمل طریقے سے بچی کو جنم دیا۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر میڈیکل سپورٹ ٹیم نے بنگلہ دیشی خاتون اور نومولود کو فوری طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد دونوں اچھی حالت میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق میڈیکل ٹیم نے ماں اور نومولود کی حالت مستحکم ہونے کو یقینی بنایا اور پھر انہیں ایمبولینس کے ذریعے کنگ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا۔