وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور اسکولوں کی تعمیر کے لیے اربوں روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تحت 170 ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 39.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 38.5 ارب روپے جاری منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی پیش رفت جاری رکھنے کے لیے حکومت نے 31 منصوبوں کے لیے 4.8 ارب روپے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان فنڈز کا استعمال سائنسی تحقیق، اختراعات، ٹیکنالوجی پارکس اور لیبارٹریوں کی بہتری کے لیے کیا جائے گا تاکہ پاکستان عالمی سائنسی معیار سے ہم آہنگ ہو سکے۔
تعلیم کے شعبے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر حکومت نے دانش اسکولوں کی تعمیر کے لیے 9.8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔




















