آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، حجم 17 ہزار 600 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے مالی سال 2025-2026 کا 17 ہزار 600 ارب روپے کا بجٹ آج شام کو پیش کیا جائے گا، وزیر خزانہ قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔
معاشی شرح نمو کا ہدف 4 اعشاریہ دو فیصد رکھنے کی تجویز ہے ۔ مہنگائی کا ہدف 7 اعشاریہ 5 فیصد، آمدن کا تخمینہ 19 ہزار 400 ارب اور ٹیکس وصولی کا ہدف 14 ہزار 130 ارب، قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے 8 ہزار 100 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ دفاعی بجٹ میں 18 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز ہے ۔ گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کو 30 فیصد الاؤنس، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 سے ساڑھے 7 فیصد تک اضافے کی تجویز ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے ہوگا۔ 4 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔ وزیرخزانہ محمداورنگزیب فنانس بل 2025،26 پیش کریں گے جس میں اقتصادی جائزہ رپورٹ بھی شامل ہوگی۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس بھی شام 4 بجے طلب کرلیا ہے ۔ اجلاس میں ایوان کے بجٹ سیشن کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ وفاقی بجٹ پر بحث سمیت دیگر امور کا دورانیہ طے ہوگا۔ مشاورتی اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ بھی شریک ہوں گے۔





















