فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کے جوانوں نے پاکستانی شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کی شہادت کا بھرپور بدلہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ عید کی نماز میں ملکی سلامتی و شہداء کے لیے خصوصی دعائیں کیں، دفاع وطن کےلیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دفاع وطن کے مقدس فریضے کیلئے جوان اپنے پیاروں سے دور عید مناتے ہیں، آرمی چیف نے افسران اورجوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاریوں اوردفاع وطن کےعزم کوسراہا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ معرکہ حق کے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، مسلح افواج کے جوانوں نے پاکستانی شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کی شہادت کا بھرپور بدلہ لیا۔ بھارت کے غیرقانونی قبضے کیخلاف مظلوم کشمیریوں کی اصول حمایت جاری رکھیں گے۔
قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی، ایئراورنیول چیفس نے قوم کو عیدالاضحٰی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے مشترکہ پیغام میں قومی یکجہتی، دائمی امن اور خوشحالی کی دعا کی۔ افواج پاکستان کی جانب سے قوم کے عزم و استقلال کو خراجِ تحسین اور افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بہادر شہریوں کی قربانیوں کوسلام پیش کیا۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کا موقع قربانی، اتحاد اور اخوت کا پیغام لاتا ہے۔ یہ بابرکت دن ہمیں یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کی ترغیب دیتا ہے، وطن کے تحفظ اور امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے عظیم خاندانوں کو بھی عید الاضحیٰ کے پروقار دن پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔






















