قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اسپیکر کو خط لکھ کر اپنے خلاف دائر ریفرنس سے متعلق مکمل ریکارڈ اور قانونی توجیہہ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے جس میں اپنے خلاف دائر ریفرنس اور اسپیکر کے فیصلے کی مکمل تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ عمر ایوب نے مطالبہ کیا ہے کہ ریفرنس کی آئینی و قانونی بنیاد، مصدقہ کاپی اور کارروائی کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
خط کے مطابق آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ریفرنس کی توجیہہ، نوٹسز، وضاحت کے مواقع اور اسپیکر کی صوابدیدی مثالیں بھی فراہم کی جائیں۔ عمر ایوب نے اعتراض اٹھایا کہ ریفرنس پر اسپیکر کی ذہنی تسلی کا کوئی واضح ثبوت موجود نہیں۔
انہوں نے قانونی عمل، شفافیت اور منصفانہ کارروائی کی بنیاد پر تمام تفصیلات فوری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔خط میں پارلیمانی وقار اور جمہوری اصولوں کی روشنی میں ریکارڈ کی فوری فراہمی پر زور دیا گیا۔
خیال رہے کہ بابر نواز کی جانب سے عمر ایوب کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا جسے اسپیکر نے الیکشن کمیشن کو بھیج دیا تھا۔عمر ایوب نے ریفرنس کی مکمل مصدقہ کاپی، شواہد، اندرونی کارروائی اور فائل نوٹنگز بھی طلب کی ہیں۔خط میں تیسرے فریق کی درخواستوں کی بنیاد پر ریفرنس کی وضاحت بھی مانگی گئی ہے۔






















