پاکستان نے بھارتی آبی جارحیت اور جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کےلیے سفارتی محاذ کھول دیا۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 9 رکنی وفد امریکہ پہنچ چکا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفود نیویارک، لندن، برسلز اور ماسکو کا دورہ کریں گے۔
بھارت کی آبی جارحیت اور جھوٹے دعوؤں کے خلاف پاکستان نے عالمی سطح پر مؤقف پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 9 رکنی پاکستانی وفد امریکہ پہنچ چکا ہے۔ مصدق ملک، شیری رحمن، حنا ربانی کھر، خرم دستگیر اور فیصل سبزواری بھی وفد میں شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بشریٰ انجم بٹ، جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ بھی وفد کا حصہ ہیں۔ پاکستانی وفود دو جون سے نیویارک، واشنگٹن، لندن اور برسلز سمیت کئی عالمی شہروں کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ماسکو جانے والے وفد کی قیادت وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان دوروں کا مقصد بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور پاکستان کے ذمہ دارانہ مؤقف کو دنیا کے سامنے رکھنا ہے۔
وفود عالمی اداروں، تھنک ٹینکس، میڈیا اور اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی، مذاکرات کی اہمیت اور خطے میں پائیدار امن کے لیے عالمی کردار پر زور دیا جائے گا۔






















