ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات خطے میں امن کے بجائے دشمنی کو ترجیح دینے کے عکاس ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو علاقائی عدم استحکام کا ذمے دار ٹھہرانا حقائق کے برعکس ہے، بھارتی قیادت کے بیانات خطے میں امن کے بجائے دشمنی کو ترجیح دینے کے عکاس ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی عالمی سطح پر دستاویزی طور پر ثابت ہوچکی، بھارت ان حقائق کو کھوکھلے بیانیے یا منفی ہتھکنڈوں سے چھپا نہیں سکتا، بھارت دھمکیوں، پروپیگنڈے اور زور زبردستی سے اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتا۔
بیان کے مطابق پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، جموں و کشمیر کا تنازع علاقائی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے اصل تنازعات کا حل اور سیاسی سمجھ بوجھ ضروری ہے۔






















