ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے کے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کرلیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے افغان قائم مقام وزیرخارجہ امیر خان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، افغان قائم مقام وزیرخارجہ نے پاکستان کا سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق افغان وزیرخارجہ نے دو طرفہ تعلقات میں انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا، امیرخان متقی نے کہا کہ افغانستان نے بھی جوابی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے 19 اپریل کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ کیا اور بھائی چارے اور اعتماد سازی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا، دوران گفتگو ازبکستان، افغانستان اورپاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور منصوبے کے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔






















