وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کان کنی، شمسی توانائی، آئل اینڈ گیس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت قانونی تجارت کو فروغ دے رہی ہے اور سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی وزراء، پارلیمنٹیرینز اور بلوچستان چیمبر آف کامرس کے نمائندگان بھی شریک تھے۔
وزیراعلیٰ نے پاکستان بھر سے آئے بزنس لیڈرز کو خوش آمدید کہا اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے سازگار مواقع پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی اور ان کی تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے زور دیا کہ صنعتوں کے قیام سے نہ صرف معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ صوبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ملاقات میں ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او بلال خان کاکڑ کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا ۔






















