ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جووہ کبھی نہیں بھولیں گے۔ بھارت کے خلاف ہماری فوجی حکمت عملی کو مستقبل میں پڑھایا جائے گا۔
عرب میڈیا کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا اب بھی فرضی کہانیاں پیش کر رہی ہے، ہم نے حقائق بتائے، جھوٹ نہیں بولا، کسی چیز کو مسخ نہیں کیا، ہم نے 26 اہداف منتخب کیے اور تمام اہداف کو نشانہ بنایا۔ ہماری جوابی کارروائی کے بعد بھارتی ترجمان نے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت کی طرح 80 ارب ڈالر کا دفاعی بجٹ نہیں ہے، پاکستان کی ریاست نے بھارتی جارحیت کے خلاف فولادی دیوار کھڑی کی، ہم نے انتہائی محدود وسائل کے ساتھ بھارت کا مقابلہ کیا، ہم نے جے ایف 17 کے ساتھ مقامی طور پر تیار کردہ میزائل استعمال کیے۔ ہمارے پاس بہت کچھ ایسا ہے جو ابھی تک نہیں دکھایا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت نے گولڈن ٹیمپل پر حملے کا الزام لگایا جو مضحکہ خیز ہے، مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا ہمارے اقدار اورمذہب کے خلاف ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کئی سال سے جنگ کا ماحول بنا کر آگ سے کھیل رہا ہے، ہم کبھی بھی بھارتی اجارہ داری اور دھمکی کے سامنے نہیں جھکیں گے، جوہری طاقتوں کے درمیان تصادم انتہائی احمقانہ اور خطرناک خیال ہے، جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں۔






















