نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کی لعنت کاخاتمہ بہت ضروری ہے، بھارت کی پراکسی وار سے متعلق ہمیں مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ خضدارمیں بچوں پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتا ہوں، بھارت کو اپنی شکست سے سبق سیکھنا چاہیے۔ پاکستان سمیت پورے خطے سے دہشتگردی کاخاتمہ ضروری ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ بہت ضروری ہے، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی اس مسئلے پر پوری توجہ ہے، دہشتگردی کیخلاف مستقبل کےلائحہ عمل کیلئے مل کربیٹھنا چاہیے، وزارت داخلہ، وزرات خارجہ اور وزارت دفاع کو مدعو کرنا چاہیے، خصوصی کمیٹی مل بیٹھ کرملک کیلئے راہ متعین کرے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے کچھ حصوں پرعملدرآمد ہوچکا، ماضی میں سرحدکھول کر35، 40ہزار دہشتگردوں کو لاکر بسایا گیا، ایگزیکٹواتھارٹی کے تحت جرائم پیشہ افراد کورہا کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بچوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، خضدار واقعہ ناقابل قبول ہے، بھارتی پراکیسز کو باز آجانا چاہیے، دورہ چین میں دہشتگردی کا موضوع زیربحث رہا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کےامن دستوں نے افریقا میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا، روانڈا، گھانا، آئیوری کوسٹ سمیت مختلف ممالک میں افریقی بھائیوں کی خدمت کی، افریقی ممالک کےساتھ گہرے تعلقات ہیں، پاکستان افریقی ممالک کی آزادی کی تحریک کی حمایت کرتاہے۔






















