وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں زمانہ امن کی پوزیشن پر واپس آنے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور بھارت میں زمانہ امن کی پوزیشن پر واپس آنے پر اتفاق ہو گیا۔ ڈی جی ایم اوز کی سطح پر پیشرفت جاری ہے، دونوں ممالک کے سیکیورٹی ایڈوائزرز نیوٹرل مقام پر بات چیت کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بات چیت میں پاکستان کی طرف سے 4اہم نکات شامل ہوں گے، بھارت سے کشمیر، پانی ، تجارت اور دہشتگردی پر بات ہوگی۔ کہا بھارت سے کشیدگی کے دوران چین،ترکی اور دیگر دوست ممالک نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، سیز فائر کی درخواست بھارت کی جانب سے کی گئی۔ اسرائیل نے جنگ کے دوران بھارت کی بھرپور مدد کی ۔ صیہونی ریاست کے ہتھیار اور فوجی مشیر انڈیا کی مدد کر رہے تھے۔ ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے۔ کالعدم بی ایل اے کے پیچھے بھی بھارتی خفیہ ایجنسیاں ہیں۔ ثبوت پوری دنیا کے سامنے رکھیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ حکومت کا ہے، فوج کا نہیں۔ فیصلے میں میاں نواز شریف کی مشاورت بھی شامل ہے۔






















