پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے 9 ویں میچ میں ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹ لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کی پوری ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے دیئے گئے 228 رنز کے تعاقب میں 15.5 اوورز میں 107 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس میں صرف عثمان خان ہی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے اور انہوں نے 44 رنز بنائے ان کے علاوہ شائے ہوپ نے 20 جبکہ کپتان رضوان نے 15 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔
پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے انتہائی شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عارف یعقوب نے 3 اور مچل اوون نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے جس میں ٹام کوہلر 52 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ محمد حارث نے 45 ، عبدالصمد نے 40 ، حسین طلعت نے 37 ، مچل اوون نے 34 رنز کی اننگ کھیلی ۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ولی ، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افتخار احمد نے بھی ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کے دوران پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کا کہناتھا کہ اس میچ میں ہماری ٹیم مختلف نظر آئے گی ، کوشش ہے کہ نئے کمبی نیشن کے ساتھ اچھا پرفارم کریں ۔ ہماری کوشش ہے کہ 200 سے زائد کا ہدف دیں ، میں اس وقت مثبت ہوں ۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہناتھا کہ اس کنڈیشن میں ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے ۔
ملتان سلطانز کے سکواڈ میں محمد رضوان (کپتان) شائے ہوپ، عثمان خان، کامران غلام، ایشتون ٹرنر ، مچل بریسویل ، افتخار احمد، ڈیوڈ ولی ، اسامہ میر، عاکف جاوید اور عبید شاہ شامل ہیں ۔
پشاور زلمی کی ٹیم میں بابراعظم (کپتان) صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، حسین طلعت، مچ اوون ، عبدالصمد ، لیوک ووڈ، الزاری جوزف، عارف یعقوب، علی رضا شامل ہیں ۔