اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جارہ کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، آج پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے جارہی تھیں لیکن حکومت نے فیصلہ کیا کہ قیمتیں برقرار رکھی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا جائے گا بلکہ اس رقم سے قوم کے زخموں پر مرہم رکھا جائے گا۔ یہ رقم بلوچستان کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، جن میں کچھی کینال اور کوئٹہ کراچی ایم 25 موٹر وے کی تعمیر شامل ہے۔