وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ نئے امریکی ٹیرف پر کوئی جوابی اقدام نہیں اٹھائیں گے۔
برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں وزیرخزانہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی ٹیرف پالیسی پریشان کن ضرور ہے مگر معاملے کے حل کیلئے بات چیت کریں گے۔ سب کو نیو ورلڈ آرڈر کے ساتھ آگے بڑھنے کےلائحہ عمل پر غور کرناہوگا
امریکا اور چین سے تعلقات سے متعلق سوال پر وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا طویل عرصے سے پاکستان کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے اور چین سے تعلقات بھی پاکستان کیلیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
خیال رہے گذشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے بیشتر ممالک پر نئے ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیا تھا، گذشتہ روز امریکہ نے اضافی ٹیرف کے اطلاق کو 90 روز کے لیے روک دیا ہے۔ تاہم سب ہی ممالک کو کم از کم 10 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا ہوگا۔
ابتدائی طور پر امریکہ کی جانب سے پاکستان پر بھی 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن گذشتہ روز کے اعلان کے بعد یہ معاملہ 90 روز کے لیے رُک گیا ہے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’یہاں کم سے کم ٹیرف 10 فیصد ہے اور اس کے بعد اضافی ٹیرف ہے، میرے خیال میں اس معاملے پر ہمیں بات کرنے کی ضرورت ہے۔