ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پی ایس ایل کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں کراچی میں مدمقابل تھیں جہاں کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سلطانز اور پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پی ایس ایل 10 کا سب سے بڑا مجموعہ بنایا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے۔
سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے 63 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بڑے ہدف میں ٹیم کی مدد کی جبکہ مائیکل بریسویل 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کنگز کی جانب سے حسن علی، عباس آفریدی اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے جیمز ونس نے 43 گیندوں پر دھواں دار 101 اور خوشدل شاہ نے 38 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی۔