ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ پر کڑی تنقید کی ہے۔
علی ترین نے کہا کہ وہ پی سی بی پر تنقید نہیں کرنا چاہتے لیکن انتظامیہ کو ماننا پڑے گا کہ پی ایس ایل نیچے کی طرف جا رہی ہے، ہماری سمت درست نہیں ہے، یہ بات تسلیم کرنی ہوگی، جس ڈائریکشن میں ہم جا رہے ہیں، ہم نیچے ہی جائیں گے۔
علی ترین نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز میں کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوتا تھا لیکن آہستہ آہستہ شائقین کی تعداد کم ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا آہستہ آہستہ شائقین کم کیوں ہونے لگے؟ ہمیں مل کر ان مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔
انہوں نے تجویز دی کہ کراچی اسٹیڈیم کو بھرنے کے لیے کراچی کی کمیونٹی سے رابطہ کرنا اور اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں کو انگیج کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے پی سی بی کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل 9 کے بعد سے اب تک ایک بھی میٹنگ نہیں بلائی گئی۔
ان کا کہنا تھا پی سی بی چیزوں کو بہتر کرنے کے بجائے کراچی سے میچز ہی کم کر دیتا ہے، شاید انتظامیہ نے سوچا ہوگا کہ میچز کم کر دیں گے تو بے عزتی بھی کم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کنگز کے لوگ بھی حالات بہتر کرنا چاہتے ہیں لیکن پی سی بی کو بات چیت شروع کرنی ہوگی۔