وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر بلوچستان کور نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والے 50 سے زائد افراد میں ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اچیوممنٹ ایوارڈز تقریب میں قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن (ر)عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، آی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری، اعلی سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایوارڈز لینے والوں کو مبارکباد پیش کی اور پاک فوج کی جانب سے صوبے کی باصلاحیت اور ہنر مند افراد کو ایوارڈز دینے اور انکی حوصلہ افزائی کرنے پر انکا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ کرلیا کہ ہارڈ کور دہشت گردوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ آج سے صوبہ کی کوئی شاہراہ اور روڈ کو بلاک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت صوبہ بلوچستان میں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی، معزز عدالت کے بھی شاہراہوں اور سڑکوں کو کھلنے کے واضح احکامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس میں بے گناہ اور نہتے لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، کلیئرنس آپریشن میں بہادر سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور حکومت نے اپنی آئینی ذمہ داری کے تحت انکی لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرکے ان میں بعض دہشت گردوں کی تدفین کی۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں کی لاشوں پر کچھ عناصر سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ہم انہیں انکے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں۔ حکومت نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم نے اب یہ لڑائی لڑنی ہے اور اپنے عوام کا تحفظ کرنا ہے کیونکہ یہ ہماری آئینی ذمہ داری بھی ہے۔