صدر مملکت آصف علی زرداری نے دبئی میں مقیم پاکستانی نژاد تاجر عمر فاروق ظہور کو پاکستان کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ سال اگست میں عمر فاروق ظہور کے لیے ہلال امتیاز کی منظوری دی تھی اور عمر فاروق ان 100 سے زائد افراد میں شامل تھے جنہوں نے اتوار کو یوم پاکستان کے سلسلے میں ایوان صدر میں منعقدہ خصوصی صدارتی تقریب میں سول ایوارڈز حاصل کیے۔
عمر فاروق ظہور کو بیرون ملک سے براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے طور پر ملک میں کروڑوں ڈالر لانے میں ان کی کاوشوں اور شاندار خدمات کے اعتراف میں صدر پاکستان نے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ تین سالوں میں پاکستان میں کروڑوں کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی اور پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہلال امتیاز حاصل کرنے کے بعد عمر فاروق ظہور کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز اور خوشی کا لمحہ ہے، مجھے فخر ہے کہ میں گزشتہ تین سالوں میں پاکستان کے لیے تقریباً 700 ملین ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لایا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستان کی معاشی ترقی اور عالمی مقام کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کوشش جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہوں۔