وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے معاشی استحکام کا حصول پہلا زینہ ہے، ملکی ترقی کا سفر اب شروع ہوا ہے۔
بدھ کے روز وزیرِاعظم شہبازشریف سے پاکستان کے مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور نے ملاقات کی اور معاشی استحکام پر حکومتی ٹیم کو سراہا جبکہ مشاورتی عمل کا حصہ بنانے پر اظہار تشکر کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے پالیسی اقدامات کا لائحہ عمل ایوان ہائے صنعت و تجارت کی مشاورت سے بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعظم نے کہا کاروباری برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے جس کیلئے حکومت بھرپور ساتھ دے گی اور معیشت کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کاروباری برادری نے مشکل معاشی حالات کے باوجود صنعت وتجارت کا سلسلہ جاری رکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔