تئیس مارچ وہ دن جب مسلمانوں نے اپنی الگ پہچان اور آزاد وطن کا فیصلہ کیا۔ ایک ایسا وطن جہاں ہر شہری عزت، حقوق اور آزادی کے ساتھ جی سکے۔
یومِ پاکستان ہمیں سکھاتا ہے کہ یکجہتی، قربانی اور عزم سے ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، 23 مارچ صرف تاریخ کا حصہ نہیں، بلکہ روشن مستقبل کی سمت دکھانے والا نشان ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم بحیثیت قوم پاکستان کی قدر اور اس کی عظمت سے بخوبی واقف ہیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر شہریوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ اس جوش اور ولولے کی بنیاد ہے جس نے ایک ملک کی تخلیق کر دی۔ اسی جذبے سے ہمیں پاکستان کے لیے مزید خدمات سرانجام دینی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ 23 مارچ کی حقیقی روح یہ ہے کہ سن 1900 میں اپنے لیے جو جدوجہد کی گئی، اس کا نتیجہ 23 مارچ کو ظاہر ہوا، اس دن مارچ کو ایک الگ وطن کے قیام کا عزم کیا گیا۔ پاکستان کا قیام ضروری تھا، جہاں مذہبی آزادی ہو اور اقلیتوں کو ان کے حقوق ملیں۔
خواتین کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو لازمی پریڈ دیکھتی ہیں، جو جوش، ولولہ اور وطن سے محبت بڑھاتی ہے، ہماری قومی یکجہتی، ایٹمی قوت اور مضبوط وفاق ہماری مضبوطی کا ثبوت ہیں۔
ایک شہری نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم اور ہماری آنے والی نسلیں پاکستان کے قومی دن اسی جوش سے منائیں گے، ہم جیسے پہلے 14 اگست اور 23 مارچ جوش و خروش سے مناتے تھے، ویسے ہی اب بھی مناتے رہیں گے، ہمیں یقین ہے کہ یہ حب الوطنی برقرار رہے گی اور ہماری روایات ہمیشہ زندہ رہیں گی۔