تئیس مارچ کا دن ہمیں ہمارے ہیروز کی یاد دلاتا ہے، اسی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
ایسے ہی ایک ہیرو چترال سے تعلق رکھنے والے ہدایت اللّٰہ ہیں، اپنی خدمات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں 1988 سے طالب علموں کی خدمت میں مشغول ہوں اور ان کے لیے ہاسٹل بنایا ہے۔
ہدایت اللہ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے توسط سے مجھے چترال کے طالبعلموں کے مسائل کا اندازہ ہوا، جو طالبعلم مالی مشکلات کے باعث تعلیم حاصل کرنے سے محروم تھے ان کی تعلیم کا بندوست کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے مستحق طالب علموں کی پڑھائی میں مالی مدد کی گئی جس سے وہ اعلی عہدوں پر بھی فائز ہوئے، آج چترال میں سالانہ سو غریب بچوں کو اعلی تعلیم دی جاتی ہے، ادارے کی کامیابی کا راز یہی ہے کہ چترال کمیونٹی کے لوگ ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔
ہدایت اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، لاہور اور کے پی کے کی مختلف یونیورسٹیاں ہمارے بچوں کو تعلیم دینے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، ہر سال چترالی طالبعلموں کو 5 کڑور فیس معاف کی جاتی ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ اپنے پروگرام کو مالاکنڈ ڈویژن تک لے آئیں، روز ادارہ میرا ذاتی نہیں بلکہ قوم کا ادارہ ہے، ہمیں اس کی تعمیر و ترقی کے لئے مل کر کوششیں کرنی چاہیے، نوجوانوں کو چاہئے کہ تعلیم حاصل کریں کیونکہ اسی کے ذریعے ہم ترقی یافتہ ہو سکتے ہیں۔