خاران: آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خاران کا دورہ کیا اور طالبات و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔
نشست کے دوران آئی جی ایف سی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آنے والا دور سائنسی علوم کا ہے۔ انہوں نے طالبات کو پیشہ ورانہ زندگی میں سائنسی تعلیم کے انتخاب کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں کامیابی کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔طالبات نے آئی جی ایف سی سے مختلف سوالات کیے اور کالج کے انتظامی امور کے حوالے سے ان کی توجہ مبذول کروائی۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی نے مختلف جماعتوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں ٹیبلٹس تقسیم کیے اور تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مستحق اور ضرورت مند طالبات کے لیے "آئی جی ایف سی اسکالرشپ فنڈ" کے قیام کا اعلان کیا۔ ابتدائی طور پر اس فنڈ کے لیے 10 لاکھ روپے مختص کیے گئےہیں۔